اگر مسلمانوں کی جی ڈی پی ۳؍فیصد ہے تو ملک کی جی ڈی پی ۸؍فیصد کیسے ہوسکتی ہے ؟: ڈاکٹرمحمداقبال
سرسیّد کے مشن تعلیم کو آگے بڑھانے اور مستحکم کرنے کیلئے اپنی قربانیاں پیش کرنی پڑیں گی: محمداحمدرکن ضلع پنچایت
یہ وقت بیدار رہنے کا ہے، اپنی خامیوں اور کمزوریوں کو درست کرنے کا ہے:ڈاکٹر رمیش دِکشت
بستی(حذیفہ بستوی): اے ایم یو اولڈ بوائز ایسو سی ایشن بستی کی جانب سے گذشتہ شب گاندھی نگر واقع ہوٹل این آر گروپ میں بانی علی گڈھ مسلم یونیورسٹی ومصلح قوم سرسید احمد خاںؒ کی ۲۰۲ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ایک شاندار تقریب ’’سرسید ڈے ‘‘ کا انعقاد کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب کا آغاز الحراء پبلک اسکول کے اُستاذ قاری عبیدالرحمن کی مسحور کن آواز میں تلاوت کلام اللہ پاک سے ہوا۔ نظامت کے فرائض شعیب الرحمن نے انجام دیئے۔علی گڈھ کی روایت کے مطابق پروگرام کی صدارت ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر سلیم احمد نے فرمائی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں بیرونی ومقامی مہمانوں کا پرجوش خیر مقدم کیا ۔ اس دوران مہمان خصوصی ڈاکٹر رمیش دِکشت ومہمان ذی وقار ڈاکٹر کوثر عثمان کی گلپوشی سرپرست اعلیٰ ومشہور چائلد اسپیشلسٹ ڈاکٹر محمداقبال ، سرپرست محمدعلی صدیقی ومحمدارشد عباسی نے ہاتھوں سے ہوئی۔
سنت کبیر نگر کے ضلع پنچایت رُکن نوجوان رہنما وسماجی خدمت گذار محمداحمد نےاپنے خطاب میں کہا کہ علیگ برادری کو سرسید کے مشن تعلیم کو آگے بڑھانے اور مستحکم کرنے کیلئے اپنی قربانیاں پیش کرنی پڑیں گی ، وگرنہ ایسی خراج عقیدت سے قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہونے والا ہے۔ کہا کہ گذشتہ دو سو سال میں ہم نے ہزاروں ڈاکٹر ، انجینئر، ٹیچر اور سائنٹسٹ وغیرہ ضرور پیدا کرلئے مگر افسو س صد افسوس ہم دوسرا سرسید نہیں پیدا کرسکے۔ شہر بریلی سے تشریف لائے سابق سائنٹسٹ واپنے وقت کے فعال ترین علیگیرین وامق رحمان نے علی گڈھ کی تہذیب پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے تجربات ومشاہدات کا تذکرہ کیا اور علی گڈھ کے موجود حالات پر روشنی ڈالی۔
تقریب ’’سرسید ڈے ‘‘ میں کنگ جارج میڈیکل کالج لکھنؤ سے تشریف لائے شعبہ جیریا ٹِرکس میڈیسن کے ڈین ڈاکٹر کوثر عثمان نے مسلمانوں کے موجودہ حالات کا بہت باریک بینی وسنجیدگی سے ذکر کرتے ہوئے علم کی افادیت واہمیت پہ زور دیا۔ انہوں نے قرآن کا حوالہ دیتے ہوئے قوم کو علم اور عمل کی ضرورتوں سے آگازہ کیا اور وقت رہتے اپنے معاملات اور معمولات کو درست کرنے کی تلقین کی۔ علاوہ ازیں ہر شعبہ کے لوگوں سے اپنی وسعت کے مطابق پوری ایمانداری ودیانتداری سے قوم میں تعلیم کے رُجحان کو تیز کرنے کی اپیل کی۔
![]() |
| خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرمحمداقبال |
لکھنؤ یونیورسٹی کے شعبہ پولیٹیکل سائنس کے سابق صدر مہمان خصوصی ڈاکٹر رمیش دِکشت نے مسلمانوں کے موجودہ مسائل پر لمبی وسنجیدہ گفتگو کی اور ایک سیکولر ہندوستانی ہونے کے ناطے انہوں نے پوری قوم کو پیغام دیا کہ یہ وقت بیدار رہنے کا ہے، اپنی خامیوں اور کمزوریوں کو درست کرنے کا ہے، بے پناہ محنت کرنے کا ہے اور بہت نازک بھی ہے۔ اگر اب اس بار بھی چوک گئے تو شاید بہت دیر ہوجائے گی اور ملت کو ایک ناقابل تلافی نقصان سے گذرنا پڑے گا۔ لہٰذا جو جہاں ہے جس حیثیت میںہیں قوم کی فلاح وبہبود کیلئے اپنے چاروں طرف تعلیم اور صرف تعلیم کی تبلیغ کریں، اسلئے کہ اگر آپ کمزور ہونگے تو ملک کمزور ہوگا اور اگر ملک کمزور ہوگا تو سیدھے طور پر آپ کو ذمہ دار ٹھہرا دیاجائے گا ، جبکہ آپ کے ناخواندہ ہونے کے پیچھے کئی پارٹیوں اور حکومتوں کی سازشیں بھی شامل ہیں۔ ایسو سی ایشن کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمداقبال نے اپنے مختصر خطاب میں مہمانوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ۔ پروگرام کی کامیابی پر کنوینر ملک اعجاز احمد، جنرل سکریٹری فضیل احمد، ایڈوائزر ڈاکٹر عبدالوہاب ، میڈیا انچارج واعزازی رُکن قاضی فرزان احمد، عرفان احمد ، رضوان احمد، سید محمداشرف وسلیم عثمانی کی بے پناہ کوششوں وکاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے ملک کے موجودہ حالات پر سامعین سے نہایت سنجیدہ سوال کیا کہ اگر مسلمانوں کی جی ڈی پی ۳؍فیصد ہے تو ملک کی جی ڈی پی ۸؍فیصد کیسے ہوسکتی ہے ؟ جبکہ عام جی ڈی پی ۶؍فیصد سے کم ہے۔ لہٰذا حکومت کو خاص طور سے مسلمانوں کی حالیہ جی ڈی پی پر فوراً توجہ دینا ہوگا، جس دن مسلمانوں کی جی ڈی پی ۶؍فیصد ہوجائے گی ملک کی جی ڈی پی اپنے آپ ۱۰؍فیصد ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی معاشیات کا فارمولہ نہیں ہے بلکہ ایک سچی اور دائمی حقیقت ہے۔
![]() |
| سامعین کو دیکھاجاسکتا ہے |
پروگرام کے اختتام پر نیو اقرأ پبلک اسکول کے بچوں نے اے ایم یو کا ترانہ وراشٹر گان ’’جن گن من‘‘ پیش کر تقریب کو اور پرکیف بنادیا۔ دوران پروگرام ہر سال کی طرح امسال بھی یوپی بورڈ ، سی بی ایس ای کے ۲۰۱۹ء کے ہائی اسکول کے امتحان میں اول آنیوالی طالبات نوپور سنگھ ، ریتکا راج، حنا امم وسانتھراسانتھو کو ’’سرسید ایکسلینسی‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اے ایم یو اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر وسابق ایم ایل اے سمریاواں افسریو احمد وسینئر موسٹ علیگیرین شبیر احمد کو ایسو سی ایشن کی جانب سے ان کی خدمات کیلئے اعزاز تہنیت پیش کیا گیا۔ اخیر میں کنوینر ملک اعجاز احمد نے سبھی شرکاء کا شکریہ اداکیا۔



No comments:
Post a Comment