کوئی بھی مسلمان دہشت گرد نہیں ہوسکتا: مفتی اختر حسین قادریانجمن رضائے مصطفیٰ بستی کے زیر اہتمام گاندھی نگر واقع ہوٹل این۔آر۔گروپ میں ’’پیغام حق وصداقت‘‘ کانفرنس کا انعقاد
(حذیفہ بستوی کی رپورٹ)
بستی :انجمن رضائے مصطفیٰ بستی کے زیر اہتمام آج صبح ساڑھے دس بجے گاندھی نگر واقع ہوٹل این۔آر۔گروپ میں ’’پیغام حق وصداقت‘‘ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،جس کی صدارت مولانا ریاض احمد برکاتی نے کی، کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا۔کانفرنس کی صدارت کررہے مولاناریاض احمد برکاتی استاذ جامعہ حنفیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ کی پیدائش کی خوشی صحابہ کرام ؓ نے بھی منائی تھی، جس کا ذکر احادیث اور دیگر معتبر کتابوں میں ملتا ہے، انہوں نے کہا کہ اللہ نے حضورسرورکائنات کودنیا کے تمام لوگوں کیلئے رحمت بناکر بھیجاہے اس لئے ان کی یوم پیدائش پر خوشی منانا اور محفلیں منعقد کرنے سے کسی کوروکنا ہرگزمناسب نہیں ہے۔ انہوں نے نبی پاک ﷺ کی سیرت طیبہ وحیات مبارکہ کے مختلف پہلو ئوںپر جامع روشنی ڈالتے ہوئے نبی رحمۃ اللعالمین ﷺ کے اخلاق کریمہ کو اپنی زندگی میں عملی پیمانے پر نافذ کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ اگر آپ اللہ کے رسول ؐ کی سیرت کو اپنی زندگی میں نافذ کرلیتے ہیں تو یہی رسول پاک سے سب سے سچی اور سب سے بڑی عقیدت ومحبت ہوگی۔
اس موقع پر مقرر خصوصی کے طور پردارالعلوم علیمیہ جمداشاہی سے تشریف لائے مفتی اختر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی ٔ رحمت حضرت محمدؐ کی تشریف آوری کے بعد ساری دنیا سے کالے گورے، اونچ نیچ،، ذات پات اور چھوا چھوت کا فرق مٹ گیا،یہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو امن وشانتی ، بھائی چارے اور سادگی سے زندگی گذارنے کا جو سبق ہمارے پیارے نبی نے دیا ہے وہ رہتی دنیا تک کوئی نہیں دے سکتا، اور قیامت تک کے انسانوں کیلئے ان کی تعلیمات خواہ وہ مسلم ہوں یا غیر مسلم سب کیلئے اعلیٰ نمونہ ہے ، مفتی اختر حسین نے کہا کہ حضورؐ کی تعلیمات سے لاکھوں لوگ دائرۂ اسلام میں جوق درجوق داخل ہوکر فلاح وکامران ہوئے۔ انہوں نے جشن عیدمیلادالنبیؐ منانے سے اختلاف کرنیوالوں سے کہا کہ کچھ لوگ نبی ؐ کی یوم ولادت منانے سے لوگوں کو روکتے ہیں اور کہتے ہیں کہ پیغمبر کے زمانہ میں نبی کی یوم ولادت نہیں منائی گئی تھی تو چودہ سو سال بعد اب کیوں منایاجارہاہے ؟تو ان سے کہا جائے کہ آپ لوگ بھی بہت سارے کام ایسے کرتے ہیں جو اس وقت نہیں کیاجاتا تھاتولہٰذا آپ بھی ان سارے کاموں کو چھوڑدیں۔ مفتی موصوف نے کہا کہ ہم لوگ نبی پاک ﷺ کی ولادت باسعادت کے موقع پر پوری دنیا کو بھارئی چارہ، امن ومحبت اور مل جل کر رہنے کا پیغام دیتے ہیں ،جو لوگ پیغمبر صاحب سے تھوڑا سابھی محبت رکھتے ہیں وہ جشن میلادالنبی ضرور مناتے ہیںاور ایسے لوگ کبھی بدامنی نہیں پھیلا سکتے ،آگے انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنے نبی ؐ کی تعلیمات اور بتائے ہوئے راسے پر چلتے ہیں، اس لئے کوئی بھی مسلمان دہشت گرد نہیں ہوسکتا، اور جو دہشت گرد ہیں ان کا اسلام سے کوئی واسطہ نہیں ہے، اور نہ ہی وہ اسلام کو فالو کرتے ہیں ۔
کانفرنس کی نظامت عبدالقیوم نے کی جبکہ نیاز احمد برکاتی، مولانا جاوید اختر، ناصرالدین ، جابر حسین وغیرہ نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ کانفرنس کا اختتام درودوسلام کیساتھ ہوا، پروگرام کو کامیاب بنانے میں انجمن رضائے مصطفیٰ کے منیجر الحاج جی ایم خان، ایوب احمد مشاہدی، مسلم صدیقی، سینئر صحافی مظہرآزاد، مولانا جاوید اختر، وغیرہ نے اپنا اہم رول ادکیا۔
فوٹوکیپشن:کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی اختر حسین قادری
No comments:
Post a Comment